حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ضلع کھرمنگ بلتستان پاکستان میں ہیئت علمائے کھرمنگ، انجمنِ طلاب کھرمنگ اور الغدیر فاونڈیشن نجف اشرف کے زیرِ اہتمام “استقبالِ محرم الحرام و تجلیلِ محسنِ ملت آیت اللہ شیخ محسن علی نجفی” کے عنوان سے ایک عظیم الشان کانفرنس نہایت کامیابی، وقار اور معنویت کے ساتھ منعقد ہوئی۔

یہ کانفرنس محسنِ ملت آیت اللہ شیخ محسن علی نجفی رضوان اللہ تعالی علیہ کی ہمہ جہت دینی، علمی، تعلیمی، سماجی اور فلاحی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ استقبالِ محرم الحرام اور پیغامِ عاشوراء کے تجدیدِ عہد کا ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہوئی۔
کانفرنس میں علمائے کرام، ائمہ جمعہ والجماعت، مبلغین، واعظین، ذاکرین اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے معزز افراد نے بھرپور شرکت کی۔

مقررین نے اپنے خطابات میں محسنِ ملت رضوان اللہ تعالی علیہ کی بے مثال خدمات، دینی مراکز کے قیام، علماء و مبلغین کی تربیت اور مکتبِ اہل بیتؑ کی ترویج میں ان کے تاریخی کردار کو اجاگر کیا اور اس حقیقت پر زور دیا کہ آج ان کی خالصانہ خدمات کے ثمرات سینکڑوں علماء، فضلاء اور دینی اداروں کی صورت میں نمایاں ہیں۔
استقبالِ محرم الحرام کے عنوان سے مقررین نے فلسفۂ عاشورا، امر بالمعروف و نہی عن المنکر، عزاداریِ سید الشہداءؑ اور عصر حاضر میں حسینی پیغام کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر محسنِ ملتؒ کی شخصیت اور خدمات پر تحریر کردہ منتخب مقالات بھی پیش کیے گئے، جبکہ حفاظِ قرآن کے طلبہ نے تواشیح پیش کر کے روحانی فضا کو مزید معطر بنایا۔
جامعۃ الکوثر، انجمنِ طلاب کھرمنگ کے تمام ذمہ داران، کارکنان اور معاونین کی انتھک محنت، بہترین نظم، علمی و تحقیقی ذوق اور دینی جذبے کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ خصوصاً دبیر انجمن حجۃ الاسلام والمسلمین الحاج شیخ نثار حسین عاملی، نمائندہ انجمن حجۃ الاسلام والمسلمین سید سلطان مجتبیٰ الحسینی اور ان کے رفقائے کار کی شبانہ روز کاوشیں اس کامیاب کانفرنس کے انعقاد میں نمایاں طور پر جلوہ گر رہیں۔

اس موقع پر مبلغین کی علمی معاونت کے لیے انجمنِ طلاب کھرمنگ کے شعبۂ تحقیق کی جانب سے محرم الحرام کے موضوعات پر تیار کردہ علمی کتابچوں کی فراہمی کو ایک قابلِ قدر اور مؤثر اقدام قرار دیا۔









آپ کا تبصرہ